کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی سکھر کے با شعور شہریوں کی آواز کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کے گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج کے دورے پر پہنچ گئے، اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز اور مختیارکار سٹی بار بلو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کالج پرنسپلز اور سینیئر لیکچررز نے کمشنر سکھر کا خیر مقدم کیا اور انہیں اسلامیہ سائنس کالج کی عمارت کے بعض حصے کی چھت کے پلاسٹر گرنے والے حصے کے علاوہ کالج کے مقبوضہ اکثریتی حصے کا بھی تفصیلی دورہ کرایا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن نے کالج انتظامیہ اور موجود میڈیا نمائندگان سے بات چیت میں اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے سب سے بڑے اور 22 ایکڑ اراضی رکھنے والے کالج کی صورتحال اب ایسی بتائی جا رہی ہے کہ کاج کے زیر تعلیم ہزاروں طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے کسی پلے گراؤنڈ تک کی جگہ بھی دستیاب نہیں رہی،
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری رقبے پر قبضے کا ہونا کوئی ایک یا دو دن کا نتیجہ نہیں ہوتا اور اس کے پیچھے با اثر افراد کی جانب سے سالہا سال سے تجاوزات کا سلسلہ جاری رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ باشعور شہریوں کے تعاون سے اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کی سرکوبی ضلع انتظامیہ اور کالج انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔